رواں مالی سال ترسیلاتِ زر 44 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی واضح پالیسی امداد پر انحصار سے نکل کر تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ حکومت عالمی شراکت داری مضبوط بنانے اور مختلف ممالک کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے پر توجہ دے رہی ہے۔

نیوز ایشیا چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان خلیجی ممالک، چین، امریکا اور دیگر دیرینہ شراکت داروں کے ساتھ اقتصادی روابط مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔ ان کے مطابق چین اور امریکا کے ساتھ تعلقات کو ایک دوسرے کے متبادل کے طور پر نہیں بلکہ بیک وقت آگے بڑھایا جائے گا۔ چین پاکستان کا دیرینہ شراکت دار ہے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا اہم حصہ ہے۔

محمد اورنگزیب نے بتایا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں سڑکوں، بندرگاہوں اور بجلی گھروں سمیت بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر توجہ دی گئی، جبکہ دوسرے مرحلے میں موجودہ انفرااسٹرکچر سے معاشی فوائد حاصل کرنے، کاروباری مواقع بڑھانے اور مشترکہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق چین کے ساتھ بعض مشترکہ منصوبوں کے تحت برآمدات کے لیے مصنوعات بھی تیار کی جا رہی ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ بھی اقتصادی تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے اور پاکستانی قیادت کے امریکی انتظامیہ کے ساتھ اچھے روابط کو معاشی تعاون آگے بڑھانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے امریکا کو پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین بھی پاکستان کے اہم تجارتی شراکت داروں میں شامل ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ عالمی تجارت میں بڑھتی ہوئی تقسیم کے باعث مختلف خطوں کے درمیان تعاون کی اہمیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان خلیجی ممالک، وسطی ایشیائی ریاستوں اور آسیان ممالک کے ساتھ اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کر رہا ہے۔

وزیر خزانہ کے مطابق گزشتہ مالی سال پاکستان کو 41 ارب 60 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، جبکہ رواں مالی سال یہ حجم 44 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات تجارت اور ترسیلات زر، دونوں حوالوں سے اہمیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملائیشیا اور انڈونیشیا کی قیادت کے دورۂ پاکستان سے علاقائی روابط کو فروغ ملا، جبکہ تھائی لینڈ کے وزیر خزانہ سے ملاقات بھی اقتصادی تعاون بڑھانے کا موقع فراہم کرے گی۔ محمد اورنگزیب نے دیرینہ شراکت داروں کی مشکل وقت میں معاونت اور مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

مزید خبریں

Back to top button