آئی ایم ایف سربراہ کی پاکستان میں معاشی استحکام پر اظہار اطمینان

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے پاکستان کی معاشی صورتحال میں استحکام اور اقتصادی جائزے کی تکمیل کے بعد سٹاف لیول معاہدے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ انہوں نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ قرض پروگرام کی شرائط پر مؤثر عملدرآمد کے ذریعے معاشی استحکام کے ساتھ پائیدار ترقی کا تسلسل بھی برقرار رکھا جائے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کے درمیان اہم ملاقات بنکاک میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر ہوئی، جس میں پاکستان کی معاشی صورتحال، اصلاحاتی اقدامات اور اقتصادی اہداف پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف حکام کو ملکی معیشت کی تازہ صورتحال اور مقررہ اقتصادی اہداف کے حصول کے لیے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف سربراہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان قرض پروگرام کے تحت طے شدہ شرائط پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائے، بجٹ میں مقرر کردہ محصولات کے اہداف حاصل کرے اور معاشی اصلاحات کا تسلسل برقرار رکھے تاکہ پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ ہموار ہو سکے۔

ملاقات میں پاکستان کو زرمبادلہ کے مناسب ذخائر برقرار رکھنے اور سرکاری محصولات میں اضافے کے لیے مزید اقدامات کرنے کا پیغام بھی دیا گیا۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے لیے رواں مالی سال کے دوران 15 ہزار 264 ارب روپے کے محصولات کا ہدف حاصل کرنے پر زور دیا گیا۔ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نے واضح کیا کہ مقررہ ریونیو ہدف کے حصول میں شارٹ فال کی گنجائش نہیں ہوگی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف حکام کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت اقتصادی اہداف کے حصول، محصولات میں اضافے اور قرض پروگرام کی شرائط پر عملدرآمد کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

مزید خبریں

Back to top button