آسٹریلیا نے پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں پر کالعدم بی ایل اے پرپابندی عائد کردی

سڈنی(جانوڈاٹ پی کے)آسٹریلیا نے پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں پر کالعدم بی ایل اے پرپابندی عائد کردی۔آسٹریلیا نےکالعدم بی ایل اے اور تنظیم کے3سینئر رہنماؤں پرپابندیاں عائد کردیں۔آسٹریلوی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ بلوچستان لبریشن آرمی پاکستان میں دہشتگردانہ حملوں میں ملوث ہے، ان حملوں میں پاکستانی اور غیر ملکی شہریوں، اہم تنصیبات اور ریاستی اداروں کو نشانہ بنایا گیا۔
آسٹریلیاکا دہشتگردی اورپرتشدد انتہا پسندی کیخلاف مقابلہ کرنے کا عزم غیرمتزلزل ہے، پابندیوں کا مقصد دہشتگروں کی مالی معاونت روکنا ہے تاکہ ان کے لیے کارروائیاں کرنا، بھرتیاں کرنا اور انتہاپسند نظریات پھیلانا مشکل بنایا جاسکے۔آسٹریلوی حکومت نے کہا کہ وہ عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایسے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی جو علاقائی اور عالمی سلامتی کے لیے خطرات کا باعث بنتے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ پابندیوں کی زد میں آنے والے افراد اور تنظیم کے اثاثوں کا استعمال، لین دین یا انہیں مالی وسائل فراہم کرنا آسٹریلوی قانون کے تحت جرم ہوگا، خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانے اور 10 سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔



