تین اسلامی ممالک نے مشترکہ دفاعی تعاون کو نئی جہت دیدی

مکہ معظمہ(جانوڈاٹ  پی کے)سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان نے علاقائی امن، سلامتی اور مشترکہ دفاع کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے دستخط کر دیے۔سعودی وزارت خارجہ کے مطابق معاہدے پر دستخط خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر منعقد ہونے والے مکہ المکرمہ مشترکہ دفاعی سربراہی اجلاس کے موقع پر کیے گئے۔سربراہی اجلاس میں سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے شرکت کی۔ اجلاس صفا پیلس، مکہ مکرمہ میں منعقد ہوا، جہاں تینوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات، دفاعی تعاون اور خطے کو درپیش اہم چیلنجز پر تبادلۂ خیال کیا۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق معاہدہ تینوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات، اسلامی اخوت، مشترکہ اسٹریٹجک مفادات اور طویل المدتی دفاعی تعاون کی بنیاد پر طے پایا ہے۔

معاہدے کے تحت تینوں ممالک نے اجتماعی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانے، امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

معاہدے کی اہم شق کے مطابق اگر تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر مسلح حملہ ہوتا ہے تو اسے تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دفاعی تعاون، مشترکہ حکمت عملی اور سیکیورٹی روابط کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس معاہدے کا مقصد کسی بھی جارحیت کے خلاف اجتماعی دفاعی صلاحیت کو مؤثر بنانا اور خطے سمیت عالمی سطح پر امن و استحکام کے قیام میں کردار ادا کرنا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف بھی شریک ہیں۔

توقع ہے کہ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے، سرمایہ کاری کے فروغ اور خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی اہم فیصلے اور تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button