سپریم کورٹ بار نےنئے صوبوں کے قیام کی حمایت کااعلان کردیا
سپریم کورٹ کی جج جسٹس مسرت ہلالی ریٹائر ہو گئیں

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)سپریم کورٹ کی جج جسٹس مسرت ہلالی ریٹائر ہو گئیں۔ان کے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس میں چیف جسٹس سمیت ججزاور وکلا نے شرکت کی۔ سپریم کورٹ بار نے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کا اعلان بھی کر دیا۔صدر سپریم کورٹ بار ہارون الرشید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے مسائل کا حل سیاسی جماعتوں کے درمیان بامعنی مذاکرات میں ہے۔ انہوں نے آئین کے مطابق نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہتر طرزِ حکمرانی، معاشی ترقی اور سیاسی استحکام میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔اپنے الوداعی خطاب میں جسٹس مسرت ہلالی نے والدین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہی کی تربیت اور دعاؤں کی بدولت وہ اس مقام تک پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خیبرپختونخوا سے بار کا انتخاب جیتنے والی، پشاور ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس اور صوبے سے سپریم کورٹ کی پہلی خاتون جج رہیں۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے جسٹس مسرت ہلالی کی پیشہ ورانہ خدمات، جرات اور سادگی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہمیشہ ایک باوقار، مسکراتی اور دلیر جج کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔



