سندھ کی تقسیم کبھی نہیں ہونے دیں گے، پیپلزپارٹی کا مؤقف ہی ہمارا مؤقف ہے، علی حسن زرداری

سجاول(جانوڈاٹ پی کے) صوبائی وزیر علی حسن زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی سندھ میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ سجاول میں تعلیمی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی حسن زرداری نے کہا کہ سجاول میں کیڈٹ کالج سمیت دیگر تعلیمی ادارے قائم کیے جائیں گے، جبکہ ضلع میں تمام ضروری سرکاری دفاتر کے قیام کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹھٹہ، سجاول ڈوئل کیریج وے سمیت تمام اہم سڑکیں تعمیر کی جائیں گی تاکہ علاقے میں سفری سہولیات بہتر ہو سکیں۔

صوبائی وزیر نے سرکاری ملازمتوں سے متعلق سوال پر کہا کہ گریڈ ایک سے چار کی نوکریوں میں میرٹ کے حوالے سے اگر کوئی مخصوص معیار موجود ہے تو بتایا جائے، تاہم انہوں نے اپنے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان آسامیوں کے لیے میرٹ کا طریقہ کار مختلف ہوتا ہے۔

صحافیوں کے سوال پر علی حسن زرداری نے کہا کہ ضلع ٹھٹہ میں کسی صحافی کے خلاف مقدمہ درج ہونے سے متعلق انہیں علم نہیں ہے۔

سندھ کی تقسیم سے متعلق سوال پر صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ سندھ کی تقسیم کبھی نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا جو مؤقف ہے، وہی پیپلزپارٹی کا مؤقف ہے اور وہی سب کا مؤقف ہے۔

مزید خبریں

Back to top button