خیبر پختونخوامیں بڑے پیمانےپر اکھاڑپچھاڑ،چیف سیکرٹری سمیت15افسراوایس ڈی،4پولیس افسر بھی تبدیل

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد بڑے پیمانے پر انتظامی اور پولیس افسران کے تبادلے کر دیے ہیں، چیف سیکریٹری شہاب علی شاہ سمیت پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 15 افسران کو او ایس ڈی بنا کر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ چار پولیس افسران کو بھی صوبے سے تبدیل کر دیا گیا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری الگ الگ نوٹیفکیشنز کے مطابق شہاب علی شاہ کو خیبر پختونخوا کے چیف سیکریٹری کے عہدے سے ہٹا کر فوری طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کو صوبے کا نیا چیف سیکریٹری تعینات کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق خیبر پختونخوا سے چار پولیس افسران کو اسلام آباد رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جن میں گریڈ 20 کے ہمایوں مسعود سندھو، فصیح الدین اور عرفان طارق جبکہ گریڈ 18 کے عمران خان شامل ہیں۔

وفاقی حکومت نے چار نئے پولیس افسران کو بھی خیبر پختونخوا میں تعینات کیا ہے۔ ان میں پنجاب سے گریڈ 18 کے سعد آفریدی، بلوچستان سے اعتزاز عارف، اسلام آباد سے پری گل اور سندھ سے لیفٹیننٹ کمانڈر ریٹائرڈ کاشف آفتاب عباسی شامل ہیں۔

مزید برآں وزیراعظم آفس میں تعینات محمد یحییٰ خانزادہ کی خدمات خیبر پختونخوا حکومت کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ پنجاب میں تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے خواجہ محمد سکندر ذیشان کو بھی خیبر پختونخوا میں تعینات کیا گیا ہے، جبکہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کوئٹہ سے میجر ریٹائرڈ اورنگزیب بدانی کا تبادلہ بھی صوبے میں کر دیا گیا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے احکامات کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے متعدد دیگر افسران کو بھی خیبر پختونخوا سے تبدیل کر کے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان میں گریڈ 21 کے اکرام اللہ اور عنبر علی خان، گریڈ 20 کے شاہد اللہ اور سہیل خان، گریڈ 19 کے شاہ فہد، کیپٹن ریٹائرڈ میاں عادل اقبال، محمد عثمان، کیپٹن ریٹائرڈ سرمد سلیم اکرم اور شفیع اللہ خان شامل ہیں۔اسی طرح گریڈ 18 کے کیپٹن ریٹائرڈ زبیر خان، وقار علی، کیپٹن ریٹائرڈ ثناء اللہ خان، محمد احتشام الحق اور محمد فہیم کے تبادلے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button