زرعی ملک میں آٹے کا بحران!مہنگے آٹے نےعوام کی’’مت‘‘ماردی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)ملک کے مختلف شہروں میں ایک ہفتے کے دوران آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بعض علاقوں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا100روپے تک مہنگا ہوگیا۔
ادارہ شماریات کے مطابق کراچی اور لاڑکانہ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 100 روپے تک اضافہ ہوا، جس کے بعد کراچی میں آٹے کا تھیلا 3 ہزار روپے جبکہ لاڑکانہ میں 2 ہزار 600 روپے تک پہنچ گیا۔اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں شہری ملک کا سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں، جہاں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی زیادہ سے زیادہ قیمت 3 ہزار 133 روپے ریکارڈ کی گئی۔ پشاور میں یہ قیمت 3 ہزار 100 روپے اور راولپنڈی میں 3 ہزار 93 روپے تک پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق بہاولپور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 960 روپے جبکہ بنوں میں 2 ہزار 950 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔ حیدرآباد، ملتان، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2 ہزار 800 روپے تک ریکارڈ کی گئی، جبکہ سرگودھا میں یہ قیمت 2 ہزار 793 روپے اور کوئٹہ میں 2 ہزار 750 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سکھر میں ایک ہفتے کے دوران آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 60 روپے اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی قیمت 2 ہزار 560 روپے تک ہوگئی، جبکہ بنوں میں 50 روپے اضافے کے بعد قیمت 2 ہزار 950 روپے تک پہنچ گئی۔
لاہور میں20کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 300 روپے جبکہ فیصل آباد میں 2 ہزار 200 روپے تک فروخت ہو رہا ہے،جو ملک کے بڑے شہروں میں نسبتاً کم قیمت شمار کی جا رہی ہے۔



