خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، بھارتی حمایت یافتہ 10 دہشت گرد ہلاک، صدر اور وزیراعظم کا خراجِ تحسین

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 10 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے کی کوشش کی، تاہم بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی میں 8 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع دیر میں ایک الگ آپریشن کے دوران مزید 2 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک دہشت گرد مختلف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
اس سے قبل بلوچستان کے اضلاع واشک اور مستونگ میں بھی سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے جنوبی وزیرستان اور دیر میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 10 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر جوانوں پر فخر کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی پھیلانے والے عناصر کے ناپاک عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائے جائیں گے، جبکہ آپریشن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز صوبے میں قیامِ امن کے لیے پرعزم ہیں۔



