تاریخی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ: سعودیہ، پاکستان اور ترکی کے پرچموں سے عمارتیں جگمگا اٹھیں

ریاض(جانوڈاٹ پی کے) مکہ مکرمہ میں طے پانے والے تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے کی خوشی میں سعودی عرب کے تمام نمایاں مقامات، شاہراہوں اور بلند و بالا ٹاورز کو سعودی عرب، پاکستان اور ترکی کے قومی پرچموں اور دلفریب روشنیوں سے سجا دیا گیا ہے۔

سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق، مملکت بھر کی اہم عمارتوں پر تینوں برادر اسلامی ممالک کے پرچموں کی روشنیوں کے ذریعے اس پیشرفت پر زبردست عوامی مسرت اور جشنیہ ماحول کی عکاسی کی گئی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز قصر الصفا، مکہ مکرمہ میں سعودی عرب، پاکستان اور ترکی کے درمیان ایک اہم مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔ اس معاہدے کی بنیادی شق کے تحت تینوں میں سے کسی بھی ایک ملک پر مسلح حملہ تمام رکن ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

یہ معاہدہ اجتماعی سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے، مشرق وسطیٰ اور بین الاقوامی سطح پر پائیدار امن و استحکام قائم کرنے کے لیے تینوں طاقتور اسلامی ممالک کے غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

سعودی عرب کے تمام حصوں میں اس شاندار چراغاں اور قومی پرچموں کی نمائش نے پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کے مابین قائم تاریخی برادرانہ تعلقات، گہرے اسٹریٹجک روابط اور مضبوط اسلامی یکجہتی کو تمام دنیا کے سامنے نیا اور روشن روپ دے دیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button