یوکرین پر روسی حملے، 6 افراد ہلاک، 20 زخمی، بچوں سمیت متاثرین اسپتال منتقل

کیف (ویب ڈیسک) یوکرین پر روسی حملوں کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ حملوں کے باعث عمارتوں کو نقصان پہنچا اور متعدد گاڑیاں بھی جل گئیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یوکرین کے شہر خارکیف میں ایک گروسری اسٹور کو روسی حملے میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہو گئے۔ زخمیوں میں 2 بچے بھی شامل ہیں، جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق مغربی یوکرین میں روسی حملوں کے نتیجے میں مزید 3 افراد ہلاک ہوئے۔ ان حملوں کے باعث مختلف عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ متعدد گاڑیاں آگ کی لپیٹ میں آ کر تباہ ہو گئیں۔
حملوں کے بعد امدادی ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں کارروائیاں شروع کر دیں۔ امدادی اہلکار زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی اور متاثرہ مقامات پر ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے میں مصروف ہیں۔
روسی حملوں کے نتیجے میں جانی نقصان اور شہری املاک کی تباہی نے یوکرین میں شہری آبادی کے تحفظ سے متعلق خدشات مزید بڑھا دیے ہیں۔



