منی پور میں تشدد کی نئی لہر، خاتون کی ہلاکت کے بعد مسلح جھڑپیں تیز، متعدد گھر نذرِ آتش

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست منی پور میں تشدد کے واقعات میں ایک بار پھر شدت آ گئی ہے، جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 5 بچوں کی ماں اور 22 سالہ خاتون کی ہلاکت کے بعد مسلح گروہوں کے درمیان جھڑپیں تیز ہو گئی ہیں۔ تازہ واقعات کے باعث علاقے میں کشیدگی برقرار ہے اور متعدد گھروں کو نذرِ آتش کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

بھارتی جریدے انڈیا ٹوڈے کے مطابق خاتون کی ہلاکت کے بعد علاقے میں تشدد کی نئی لہر شروع ہوئی، جس کے نتیجے میں مسلح گروہوں کے درمیان جھڑپوں میں شدت آ گئی۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ واقعات کے دوران متعدد گھروں کو آگ لگا دی گئی، جبکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال بدستور کشیدہ ہے۔ تازہ جھڑپوں نے منی پور میں شہریوں کے تحفظ اور امن کی بحالی سے متعلق خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔

دوسری جانب انسانی حقوق کے بعض ماہرین نے مسلسل تشدد کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی حکومت کے امن و امان برقرار رکھنے کے اقدامات پر تنقید کی ہے۔

ماہرین کے مطابق تشدد کے مسلسل واقعات متاثرہ آبادیوں کے تحفظ اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مؤثر اور سنجیدہ اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button