نشانِ حیدر کا اعزاز پانے والے فاتح لکشمی پور میجر طفیل محمد شہید کی 68ویں برسی، مسلح افواج اور قیادت کا زبردست خراجِ عقیدت

راولپنڈی / بوریوالہ(جانوڈاٹ پی کے) ملک بھر میں نشانِ حیدر کا اعلیٰ ترین فوجی اعزاز حاصل کرنے والے فاتح لکشمی پور میجر طفیل محمد شہید کی 68ویں برسی کے موقع پر مسلح افواج، حکومتی قیادت اور پوری قوم کی جانب سے انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، سروسز چیفس اور تمام مسلح افواج نے میجر طفیل محمد شہید کی بے مثال شجاعت اور لازوال قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میجر طفیل محمد شہید نے دشمن کے خلاف کارروائی کے دوران شدید زخمی ہونے کے باوجود غیر معمولی بہادری، عزم اور ہمت کی مثال قائم کی اور فرض سے ان کی غیر متزلزل وابستگی نئی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ترجمان کے مطابق وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء کی قربانیاں اور حب الوطنی کا ورثہ قوم کے لیے باعثِ فخر اور مشعلِ راہ رہے گا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ میجر طفیل محمد شہید نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے دفاعِ وطن کی تاریخ میں ایک لازوال باب رقم کیا ہے، اور ہمارے یہ عظیم سپوت آزادی و قومی سلامتی کے مضبوط محافظ ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میجر طفیل محمد شہید نے شدید زخمی حالت میں بھی پیش قدمی نہ روکی اور آخری سانس تک دشمن کا مردانہ وار مقابلہ کر کے اسے پسپائی پر مجبور کیا۔

برسی کے روز تحصیل بوریوالہ میں میجر طفیل محمد شہید کے مزار پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کے مزار پر سلامی پیش کی، جبکہ میجر جنرل نعمان منظور اعوان نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

مزید خبریں

Back to top button