مکہ دفاعی معاہدہ: او آئی سی اور بحرین کی جانب سے پاک، سعودیہ، ترکیہ تاریخی اتحاد کی مکمل حمایت کا اعلان

ریاض / منامہ(ویب ڈیسک) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور سلطنتِ بحرین نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین طے پانے والے تاریخی "مکہ دفاعی معاہدے” کا پرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے اسے امتِ مسلمہ کی سلامتی اور علاقائی استحکام کے لیے ایک اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے اپنے تہنیتی پیغام میں اس سٹریٹجک اقدام کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے تینوں ممالک کی دانشمندانہ قیادت کی ان تھک کاوشوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ بڑھتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور مسلم دنیا میں تعمیری شراکت داری کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے، جو خطے میں امن اور اجتماعی سلامتی کے بنیادی ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔
دوسری جانب، سلطنتِ بحرین کی وزارتِ خارجہ نے پاکستان، سعودیہ اور ترکیہ کی اعلیٰ دفاعی و عسکری صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے اس معاہدے کو وسیع علاقائی دفاعی نظام میں ایک بہترین اضافہ قرار دیا ہے۔ بحرینی حکام کا کہنا ہے کہ یہ دفاعی اشتراک خلیج تعاون کونسل (GCC) کے دفاعی نظام اور سٹریٹجک انضمام کو مزید تقویت بخشے گا۔
بحرین نے واضح کیا کہ سعودی عرب کی سلامتی بحرین کی اپنی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے اور وہ تمام ایسے اقدامات کی غیر مشروط حمایت جاری رکھے گا جو برادر ممالک کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ ممکن بناتے ہوں۔



