ٹھٹھہ سمیت حیدرآباد ڈویژن میں دریائے سندھ، نہروں اور جھیلوں میں تیراکی پر 30 روزہ پابندی

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے) مون سون کے موسم اور آبی ذخائر میں پانی کی سطح میں اضافے کے پیش نظر حیدرآباد ڈویژن سمیت ضلع ٹھٹھہ میں دریائے سندھ، نہروں، جھیلوں اور دیگر آبی مقامات پر تیراکی اور نہانے پر 30 روز کے لیے مکمل پابندی عائد کردی گئی۔
ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت کی سفارش پر کمشنر حیدرآباد ڈویژن فیاض حسین عباسی نے پابندی کا حکم جاری کیا، جس کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
حکم نامے کے مطابق پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور 30 روز تک برقرار رہے گی، تاہم ضرورت کے مطابق اسے مدت مکمل ہونے سے قبل تبدیل یا واپس بھی لیا جاسکتا ہے۔
پابندی کا اطلاق دریائے سندھ کے پکنک پوائنٹس، دریائی کناروں، تمام نہروں، تالابوں، نالوں، ڈسٹری بیوٹریز اور جھیلوں پر ہوگا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مون سون کے دوران پانی کی سطح میں اضافے کے باعث شہری اور خاندان بڑی تعداد میں آبی مقامات کا رخ کرتے ہیں، جہاں غیر محفوظ تیراکی اور نہانے کے نتیجے میں ڈوبنے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
کمشنر حیدرآباد نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔



