بنیادی سہولیات سے محروم تھرپارکر سیاحوں کا مرکز بن گیا، واش روم،صاف پانی اور ویٹنگ ایریا کی قلت

تھرپارکر(رپورٹ : میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) بنیادی سہولیات کی کمی کا شکار ضلع تھرپارکر اس وقت ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جہاں روزانہ بڑی تعداد میں لوگ بچوں اور اہلِ خانہ کے ہمراہ تھر کے قدرتی حسن، ریت کے ٹیلوں، دھڑوں اور درختوں کا نظارہ کرنے کے لیے مختلف سیاحتی مقامات کا رخ کر رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق افسوسناک صورتحال یہ ہے کہ ضلعی ہیڈکوارٹر مٹھی سمیت پورے تھرپارکر میں سیاحوں کے لیے مطلوبہ بنیادی سہولیات ناپید ہیں۔ ضلعی انتظامیہ، میونسپل کمیٹیوں اور ٹاؤن کمیٹیوں کی جانب سے سیاحوں، خصوصاً خواتین اور معصوم بچوں کے لیے مناسب سہولیات کا انتظام نظر نہیں آتا۔
سیاحوں کا کہنا ہے کہ تھرپارکر میں بڑی تعداد میں آنے والے افراد کے لیے مناسب واش روم، پینے کے صاف پانی، بچوں کے پیمپر تبدیل کرنے کے لیے مخصوص جگہ، ویٹنگ ایریا اور سرکاری مسافر خانوں جیسی بنیادی سہولیات موجود نہیں ہیں۔
متعدد سیاح بچوں اور اہلِ خانہ کے ہمراہ آنے کے باوجود سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث ریت کے ٹیلوں، دھڑوں اور درختوں کے سائے تلے بیٹھنے پر مجبور نظر آتے ہیں۔ مختلف مقامات سے سیاحوں کی جانب سے بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے حوالے سے شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔
سول سوسائٹی کے نمائندوں، سماجی کارکنوں اور باشعور شہریوں نے محکمہ ثقافت اور ڈپٹی کمشنر تھرپارکر سے مطالبہ کیا ہے کہ اس اہم مسئلے کی جانب فوری توجہ دی جائے اور تھرپارکر آنے والے سیاحوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ تھرپارکر آنے والا ہر سیاح ہمارا مہمان ہے، اس لیے اہم سیاحتی اور تفریحی مقامات پر سیکیورٹی، طبی سہولت، واش روم، صاف اور میٹھے پینے کے پانی اور مناسب بیٹھنے کی جگہ فراہم کی جائے۔
سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ سیاحوں کے لیے بنیادی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ثقافت کی ذمہ داری ہے، کیونکہ تھرپارکر کی سیاحتی اہمیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور سیاحتی سرگرمیاں مقامی معیشت کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ثقافت جشنِ آزادی سے قبل سیاحتی مقامات پر بنیادی سہولیات کے انتظامات مکمل کرلیں گے، کیونکہ برسات کے موسم اور جشنِ آزادی کے موقع پر ملک کے مختلف علاقوں سے ہزاروں سیاحوں کی تھرپارکر آمد متوقع ہے۔ سول سوسائٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ سیاحوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرکے تھرپارکر کی مہمان نوازی، قدرتی حسن اور سیاحتی شناخت کو مزید اجاگر کیا جائے۔



