مولانا فضل الرحمٰن کے بیان پرترجمان سندھ حکومت کا شدید افسوس اور تشویش کا اظہار، قومی اداروں کے احترام پر زور

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن /جانو/ڈاٹ/ پی کے)ترجمان حکومت سندھ عبدالواحد ہالیپوٹو نے مولانا فضل الرحمٰن کے حالیہ بیان پر شدید افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "مولانا فضل الرحمٰن کے حالیہ بیان پر مجھے شدید افسوس ہوا ہے۔ ایسے وقت میں جب افواجِ پاکستان کے بہادر جوان وطنِ عزیز کے دفاع، دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے امن و تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، قومی اداروں سے متعلق ایسے بیانات نہ صرف غیر مناسب ہیں بلکہ قومی یکجہتی اور اجتماعی حوصلے پر بھی منفی اثر ڈال سکتے ہیں۔ اختلافِ رائے ہر شخص کا آئینی حق ہے، تاہم قومی سلامتی کے معاملات پر ذمہ داری، احتیاط اور قومی مفاد کو ہر صورت مقدم رکھا جانا چاہیے۔”

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن ملک کی ایک اہم سیاسی و مذہبی شخصیت اور جید عالمِ دین ہیں، اس لیے ان سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ قومی سلامتی جیسے حساس معاملات پر ایسے الفاظ کا انتخاب کریں جو قومی اتحاد، یکجہتی اور ریاستی اداروں پر عوام کے اعتماد کو مزید مستحکم کریں، نہ کہ ایسا تاثر پیدا کریں جس سے افواجِ پاکستان کے کردار، قربانیوں یا پیشہ ورانہ خدمات پر سوالات اٹھیں۔

ترجمان حکومت سندھ نے کہا کہ افواجِ پاکستان صرف ایک عسکری ادارہ نہیں بلکہ پاکستان کی خودمختاری، جغرافیائی سلامتی، قومی وقار اور عوام کے تحفظ کی مضبوط علامت ہیں۔ ہمارے بہادر افسران اور جوان شدید موسمی حالات، دشوار گزار علاقوں اور انتہائی خطرناک ماحول میں دن رات اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں روزانہ کی بنیاد پر ہمارے جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں تاکہ پاکستان کے عوام امن، آزادی اور تحفظ کے ساتھ اپنی زندگی گزار سکیں۔ ان کی یہ لازوال قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت دہشت گردی، انتہاپسندی اور بیرونی سازشوں سمیت کئی سنگین چیلنجز سے نبرد آزما ہے۔ ایسے نازک حالات میں قومی اداروں، بالخصوص افواجِ پاکستان، کے بارے میں ایسا کوئی بھی بیان جو عوام میں شکوک و شبہات پیدا کرے یا دشمن قوتوں کے پروپیگنڈے کو تقویت دے، قومی مفاد کے منافی ہے۔ اختلافِ رائے جمہوری نظام کا حسن ضرور ہے، لیکن قومی دفاع اور سلامتی کے معاملات پر پوری قوم کو متحد اور یک زبان ہونا چاہیے

عبدالواحد ہالیپوٹو نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جب بھی وطنِ عزیز کو کسی اندرونی یا بیرونی خطرے کا سامنا ہوا، افواجِ پاکستان نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور بے مثال قربانیوں سے ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ ہزاروں شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کی بدولت آج پاکستان امن اور استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔ ان قربانیوں کا احترام ہر پاکستانی پر لازم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ قومی اداروں کے احترام، آئین کی بالادستی، جمہوری اقدار اور قومی یکجہتی پر یقین رکھتی ہے۔ آج وقت کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی و مذہبی قیادت ذاتی اور جماعتی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو مقدم رکھے اور ایسے بیانات سے اجتناب کرے جو ہمارے محافظوں کے حوصلے متاثر کریں یا قومی اتحاد کو نقصان پہنچائیں۔

آخر میں ترجمان حکومت سندھ عبدالواحد ہالیپوٹو نے کہا کہ افواجِ پاکستان پوری قوم کا فخر ہیں۔ شہداء اور غازیوں کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے ماتھے کا جھومر رہیں گی، اور پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔ پاکستان کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا

مزید خبریں

Back to top button