ثاقب چدھڑ اور مدعی خاتون میں صلح؟چیک ڈس آنر مقدمات میں اہم پیشرفت

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف درج چیک ڈس آنر مقدمات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں دونوں فریقین کے درمیان مالی معاملات طے پانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق مدعی خاتون ماہ رخ عارف اور ثاقب چدھڑ کے درمیان رضامندی نامہ طے پا گیا ہے، جس میں باہمی اختلافات اور مالی معاملات حل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمات کے اندراج کے بعد دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات ہوئے، جن کے نتیجے میں لین دین سے متعلق معاملات طے پا گئے۔
معاہدے کے مطابق واجب الادا رقم کی ادائیگی کے بعد متعلقہ اراضی کا انتقالِ ملکیت مکمل کیا جائے گا۔
دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تاحال مدعیہ کی جانب سے کوئی تحریری بیان موصول نہیں ہوا، جبکہ آئندہ قانونی کارروائی تحریری مؤقف موصول ہونے کے بعد آگے بڑھائی جائے گی۔
یاد رہے کہ ثاقب چدھڑ کے خلاف 27 کروڑ روپے مالیت کے چیک ڈس آنر ہونے کے الزام میں تھانہ ڈیفنس اے میں تین مقدمات درج کیے گئے تھے۔



