پنجاب بھر میں ’’سانجھی سبزی‘‘ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ، وزیراعلیٰ مریم نواز کی تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوامی فلاح و بہبود کے منفرد منصوبے ’’سانجھی سبزی‘‘ کو صوبہ بھر میں وسعت دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اپنے اضلاع میں اس منصوبے کا آغاز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر مظفر گڑھ میں اس منصوبے کا کامیاب آغاز کیا گیا، جہاں شہری علاقوں کی سرکاری عمارتوں اور دیہی علاقوں کی سرکاری اراضی پر موسمی سبزیاں کاشت کر کے ضرورت مند افراد کو مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔
منصوبے کے تحت مظفر گڑھ میں 139 کنال اراضی پر قائم 140 پلاٹس میں مختلف اقسام کی موسمی سبزیاں اگائی جا رہی ہیں۔ اس فلاحی اقدام کا آغاز ضلع میں واقع ایک مسیحی برادری کے گاؤں سے کیا گیا، جبکہ منصوبے سے متاثر ہو کر مقامی شہری بھی رضاکارانہ طور پر دوسروں کے لیے سبزیاں کاشت کرنے لگے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس منصوبے کو قابلِ تقلید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے عوامی فلاحی اقدامات کو پنجاب کے تمام اضلاع تک پھیلایا جانا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سے مستفید ہو سکیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ محمد عثمان طاہر جپہ نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور انہیں منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے چیف منسٹر میرٹ بیج اور ایک لاکھ روپے نقد انعام بھی دیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مظفر گڑھ کے دیہی علاقوں میں ایک مرلہ سے ایک کنال تک سرکاری اراضی کی نشاندہی کر کے ’’سانجھی سبزی‘‘ منصوبے کے تحت سبزیاں کاشت کی جا رہی ہیں، جبکہ شہری علاقوں میں ہیلتھ، لوکل گورنمنٹ، جنگلات، تعلیم اور اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر سے ملحقہ خالی سرکاری زمین بھی اس مقصد کے لیے استعمال کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ عوامی فلاح کے اس منصوبے کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے اور صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی اسی طرز پر اقدامات کیے جائیں تاکہ مستحق خاندانوں کو تازہ اور معیاری سبزیاں بلا معاوضہ فراہم کی جا سکیں۔



