میں فلم کا اسکرپٹ پڑھتا نہیں، سنتا ہوں،سلمان خان کا دلچسپ انکشافات

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی وڈ کے سپر اسٹار اداکار سلمان خان نے فلموں کے انتخاب اور اپنےکام کرنے کے انداز سے متعلق ایک دلچسپ انکشاف کیا ہے، جس نے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔
ایک انٹرویو میں سلمان خان نے بتایا کہ اگرچہ وہ کئی فلموں کے اسکرپٹس لکھنے کے عمل کا حصہ رہے ہیں، لیکن جب فلم منتخب کرنے کی بات آتی ہے تو ان کا انداز مختلف ہوتا ہے۔
سلمان خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی پوری فلمی زندگی میں کبھی کسی فلم کا اسکرپٹ خود نہیں پڑھا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ میں نے اسکرپٹس لکھے ضرور ہیں، لیکن پڑھے نہیں۔ میں اسکرپٹ سنتا ہوں، کیونکہ جب میں پڑھتا ہوں تو میری ایک مشکل یہ ہےکہ میں تیسری لائن پڑھ رہا ہوتا ہوں مگر میرا ذہن پانچویں لائن پر پہنچ جاتا ہے، ان تین لائنوں کے فرق میں میرا ذہن آگے پیچھے ہوتا رہتا ہے۔
سلمان خان کا کہنا تھا کہ وہ اسکرپٹ کو اس کے مصنف یا ہدایت کار سے سننا پسند کرتے ہیں تاکہ انہیں یہ اندازہ ہوسکےکہ فلم کس سمت جا رہی ہے اور ہدایت کار کا وژن کیا ہے۔
سلمان خان کے مطابق وہ فلم کی کہانی، اس کے جذباتی اثرات اور اس کے پیسے کمانےکی صلاحیت دیکھ کر فیصلہ کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر میں خود اسکرپٹ پڑھوں تو میرے ذہن میں یہ آنا شروع ہو جاتا ہےکہ میں یہ فلم کیسے بناتا، جب کہ میرا وژن ہدایت کار یا مصنف سے مختلف ہوسکتا ہے۔
انٹرویو میں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بھی ایک دلچسپ بات بتائی کہ اگرچہ مداح انہیں اکثر مہنگی گھڑیاں پہنے دیکھتے ہیں، لیکن ان کے پاس خود کوئی بہت بڑی لگژری گھڑیوں کی کلیکشن نہیں، بلکہ وہ اکثر اپنے دوستوں سے گھڑیاں ادھار لے لیتے ہیں۔



