روس یوکرین جنگ میں حملوں کی شدت میں اضافہ، 13 افراد ہلاک، فرانس کا مزید میزائل دینے کا اعلان

کیف (ویب ڈیسک) روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں حملوں کی شدت ایک بار پھر بڑھ گئی، مختلف علاقوں میں تازہ حملوں کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ فرانس نے یوکرین کو مزید فضائی دفاعی میزائل فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ حملوں میں یوکرین میں 7 جبکہ روس میں 4 افراد ہلاک ہوئے، اس کے علاوہ روس کے زیر قبضہ کریمیا میں بھی 2 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ تازہ ہلاکتوں کے بعد حالیہ عرصے میں جنگ کے دوران شہری اموات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
یوکرین کے شہر کریوی ریہ میں امدادی کارکن شاپنگ سینٹر کے ملبے میں تلاش کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایک روز قبل روسی ڈرون حملے میں شاپنگ سینٹر کو نقصان پہنچا تھا، جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
دوسری جانب فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے یوکرین کو نئے میزائل انٹرسیپٹرز فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کو اپنی فضائی حدود کے دفاع اور روسی حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری وسائل فراہم کرنا انتہائی اہم ہے۔
رپورٹ کے مطابق روس نے حالیہ مہینوں میں خصوصاً یوکرین کے دارالحکومت کیف پر بیلسٹک میزائل حملوں میں اضافہ کیا ہے۔ انتہائی تیز رفتار میزائل چند ہی منٹوں میں ہدف تک پہنچ سکتے ہیں، جس کے باعث شہریوں کے لیے بروقت محفوظ پناہ گاہوں تک پہنچنا مشکل ہوجاتا ہے۔
ادھر جنگ بندی کے لیے سفارتی کوششیں بھی تاحال تعطل کا شکار ہیں۔ امریکا کی جانب سے روس اور یوکرین کے درمیان براہِ راست مذاکرات کے کئی ادوار کرائے گئے، تاہم مستقل جنگ بندی کے حوالے سے اب تک کوئی فیصلہ کن پیش رفت نہیں ہوسکی۔
فرانس اور برطانیہ کی قیادت میں اتحادی ممالک پیر کو اجلاس کریں گے، جس میں روس پر جنگ روکنے کے لیے دباؤ بڑھانے اور یوکرین کی دفاعی صلاحیت مزید مضبوط کرنے کے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔
دوسری جانب روسی حکام کے مطابق یوکرین کے ڈرون حملے میں جنوبی روس کے علاقے یسک میں ایک گھر کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دو بچے ہلاک جبکہ ان کے والدین زخمی ہوگئے۔



