پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹرائی سیریز،امپائرز اور میچ ریفریز سامنے آگئے

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ سیریز جبکہ انگلینڈ، پاکستان اور سری لنکا کی ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے میچ آفیشلز پینل کا اعلان کردیا۔
ون ڈے ٹرائی سیریز میں آئی سی سی ایلیٹ پینل کے میچ ریفری جیف کرو ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ امپائرز کے پینل میں آئی سی سی ایلیٹ پینل کے احسن رضا اور شرفدولہ کے علاوہ آصف یعقوب، راشد ریاض، فیصل آفریدی اور ناصر حسین شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کے امپائر وین نائٹس بھی ٹرائی سیریز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ فائنل میں احسن رضا اور وین نائٹس آن فیلڈ امپائرز جبکہ شرفدولہ تھرڈ امپائر ہوں گے۔ شرفدولہ اور وین نائٹس ٹرائی سیریز کے دوران بالترتیب چار اور تین میچز میں تھرڈ امپائر کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔
ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے آئی سی سی ایمرجنگ ریفری ڈین کوسکر کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے۔ وہ راولپنڈی میں بطور ٹیسٹ ریفری اپنا ڈیبیو کریں گے۔ آئی سی سی ایلیٹ پینل کے روڈ ٹکر، ایڈرین ہولڈسٹاک اور الاہودین پالیکر ٹیسٹ سیریز میں آن فیلڈ امپائرز ہوں گے۔
پالیکر اور روڈ ٹکر پہلے اور دوسرے ٹیسٹ میں بالترتیب تھرڈ امپائر کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے آئی سی سی انٹرنیشنل پینل میچ ریفریز سے تعلق رکھنے والے علی نقوی کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے۔ راشد ریاض، ناصر حسین اور فیصل آفریدی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آن فیلڈ اور تھرڈ امپائر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے، جبکہ طارق رشید تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز میں فورتھ امپائر ہوں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلی جائے گی۔ ون ڈے ٹرائی سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں ہوگی، جبکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ 9 سے 21 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔



