4اکتوبر کا لانگ مارچ، پی ٹی آئی نے بڑا فیصلہ کرلیا، صوابی یا اٹک میں ٹینٹ سٹی قائم ہوگا

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف نے 4 اکتوبر کو ہونے والے لانگ مارچ کے انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے مارچ کو ابتدائی طور پر صوابی یا اٹک تک محدود رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیرصدارت اجلاس میں لانگ مارچ کے انتظامات اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی کے مطابق مارچ منظم اور پرامن ہوگا جبکہ صوابی یا اٹک میں کسی موزوں مقام پر ٹینٹ سٹی قائم کیا جائے گا۔شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کو آگے کب اور کس وقت بڑھانا ہے، اس حوالے سے ہدایات چین آف کمانڈ کے ذریعے کارکنوں اور منتظمین تک پہنچائی جائیں گی۔ تمام کارکنوں کو ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کارکن ہر حال میں تحمل، نظم و ضبط اور پرامن طرزعمل برقرار رکھیں گے، جبکہ کارکنان لانگ مارچ کے لیے انتہائی پرجوش اور مکمل طور پر تیار ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے دعویٰ کیا کہ وفاقی حکومت عوامی جذبات اور کارکنوں کے جوش سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ ان کے مطابق ٹینٹ سٹی کے مقام کا حتمی تعین ضلعی تنظیمیں اور ارکان پارلیمنٹ باہمی مشاورت سے کریں گے۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے پہلے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا، تاہم پارٹی کی سیاسی کمیٹی کے فیصلے کے بعد اسے 4 اکتوبر تک مؤخر کردیا گیا تھا۔



