وزیراعظم شہباز شریف اور محمود اچکزئی میں ملاقات کا شیڈول طے کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف کی وطن واپسی کے بعد اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی سے ملاقات کا شیڈول طے کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، جبکہ ملاقات کے ایجنڈے پر مشاورت جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت اپوزیشن لیڈر سے ملاقات کے لیے خود رابطہ کرے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف اور محمود اچکزئی کے درمیان ملاقات میں اہم سیاسی امور، پارلیمانی معاملات اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر ملاقات کے دوران آئین و قانون کی بالادستی اور پارلیمان کے استحکام سمیت مختلف امور پر اپنا مؤقف وزیراعظم کے سامنے رکھیں گے۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی ملاقاتوں اور علاج کی سہولت سے متعلق مطالبات بھی سامنے رکھے جانے کا امکان ہے۔

ملاقات میں چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دو ارکان کی تقرری کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔ آئینی طریقہ کار کے تحت وزیراعظم کو چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کرنا ہوتی ہے اور تین نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجوانے ہوتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی سے چیف الیکشن کمشنر کے لیے تین ناموں پر بھی مشاورت کریں گے، جبکہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان براہِ راست رابطے کے ذریعے سیاسی و پارلیمانی امور پر مزید بات چیت آگے بڑھنے کا امکان ہے۔

مزید خبریں

Back to top button