غزہ میں بڑا اسرائیلی فضائی حملہ،حماس کے شمالی غزہ کے عسکری سربراہ شہید

غزہ (جانو ڈاٹ پی کے)غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں حماس کے عسکری ونگ کے شمالی غزہ کے سربراہ عزالدین البیک شہید ہوگئے۔ اسرائیلی اور فلسطینی حکام نے بھی ان کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
رائٹرز کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا کہ فوج نے عزالدین البیک کو نشانہ بنایا، جن پر اسرائیل نے حملوں کی منصوبہ بندی اور جنگجوؤں کی بھرتی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا۔
حماس نے بھی البیک کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ 7 اکتوبر 2023 کے حملے کی قیادت کرنے والوں میں شامل تھے۔ اسرائیلی دعوے کے مطابق البیک کو غزہ سٹی کے نصر محلے میں ایک رہائشی عمارت پر علی الصبح کیے گئے فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا۔
طبی ذرائع کے مطابق حملے کے بعد ایک اور شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ بعد ازاں جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں دو الگ فضائی حملوں میں بھی کم از کم تین افراد مارے گئے ۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا۔



