امریکا ایران رابطے جاری، قطر کا امن کوششیں برقرار رکھنے کا اعلان

دوحہ (جانو ڈاٹ پی کے)قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان پیغامات کا تبادلہ بدستور جاری ہے اور دونوں فریقوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔قطری وزارت خارجہ کے مطابق امریکا اور ایران کے پاس مسئلے کے پرامن حل کے سوا کوئی راستہ نہیں، جبکہ قطر کسی بھی فریق کی جانب سے خطے کے علاقائی انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی مخالفت کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ علاقائی انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی دھمکی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ ان کے مطابق خلیجی ممالک نے جنگ کا حصہ بننے کا انتخاب نہیں کیا اور خطے کو مزید کشیدگی سے بچانے کی ضرورت ہے۔قطری وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ ایران کو علاقائی ممالک کے خلاف جارحانہ رویہ ترک کرنا ہوگا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ قطر کو خود نشانہ بنائے جانے کے باوجود وہ امن کی کوششوں سے دستبردار نہیں ہوگا اور سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔



