روسی علاقوں پر یوکرینی حملے،ایک ہفتے میں41شہری ہلاک ہونے کا دعویٰ

ماسکو (جانو ڈاٹ پی کے) روسی وزارت خارجہ کے سفیر برائے خصوصی امور روڈیون میروشنک نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران روسی علاقوں پر یوکرینی افواج کے حملوں میں 41 شہری ہلاک جبکہ 274 زخمی ہوئے ہیں۔
روڈیون میروشنک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روسی وزارت خارجہ کے خصوصی دفتر نے گزشتہ سات روز کے دوران یوکرینی حملوں سے متعلق اعداد و شمار جمع کرکے ان کی تصدیق کی ہے۔
روسی سفارت کار کے مطابق گولہ باری اور دیگر حملوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 315 شہری متاثر ہوئے، جن میں 41 افراد ہلاک اور 274 زخمی شامل ہیں۔ ان کے بقول زخمی ہونے والوں میں 9 کم عمر بچے بھی شامل ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ سات روز کے دوران روسی سرزمین پر شہری اہداف کی جانب کم از کم 8 ہزار 33 گولے اور دیگر ہتھیار داغے گئے۔ ان حملوں میں 122 ملی میٹر کے ملٹی پل راکٹ لانچرز، 152 اور 155 ملی میٹر کے توپ خانے کے گولے، بارودی سرنگیں اور دستی بم استعمال کیے گئے۔روڈیون میروشنک نے مزید الزام عائد کیا کہ بعض حملوں میں کلسٹر وار ہیڈز سے لیس گولے بھی استعمال کیے گئے، جبکہ بڑی تعداد میں حملہ آور ڈرونز، ایف پی وی ڈرونز اور چھوٹے ہتھیار بھی استعمال کیے گئے۔روسی عہدیدار نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ شہری آبادی کے خلاف استعمال ہونے والے ہتھیاروں کی بڑی تعداد مغربی ممالک میں تیار ہوئی اور انہی ممالک نے یہ ہتھیار یوکرین کو فراہم کیے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یوکرین کو اسلحہ فراہم کرنے والے مغربی ممالک کیف حکومت کے اقدامات میں شریک ہیں۔



