مٹھی میں ضلعی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس، نیشنل ایکشن پلان پر مؤثر عملدرآمد کی ہدایت

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تھرپارکر کے ڈپٹی کمشنر عبدالحلیم جاگیرانی کی زیرِ صدارت کانفرنس ہال مٹھی میں سوشیو پولیٹیکل ڈومین کے تحت ضلعی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں امن و امان، نیشنل ایکشن پلان اور مختلف انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عبدالحلیم جاگیرانی نے نیشنل ایکشن پلان پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے، غیر رجسٹرڈ مدارس کی نشاندہی، مدارس کی رجسٹریشن و نگرانی، بند اسکولوں کی بحالی اور طلبہ کے داخلوں میں اضافے کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو غیر قانونی سگریٹس، نان کسٹم پیڈ اشیاء، غیر قانونی پٹرول پمپس، ناجائز تجاوزات، آٹے کی ذخیرہ اندوزی، غیر منظور شدہ ہاؤسنگ اسکیموں اور معدنیات پر غیر قانونی قبضے کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کی شناخت، تصدیق اور قانونی حیثیت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ایس ایس پی تھرپارکر عارف عزیز نے اجلاس کو منشیات کے خاتمے، امن و امان کی صورتحال، سی پیک منصوبوں کی سیکیورٹی، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں اور غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ہاشم مسعود، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو عمیر اشرف سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔



