پنجاب کے تمام اضلاع میں کیتھ لیبز اور کارڈیالوجی سینٹرز قائم کرنے کا اعلان

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یومِ قلب کے موقع پر دل کے امراض سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پنجاب کے تمام ضلعی ہسپتالوں میں کیتھ لیبز اور کارڈیالوجی سینٹرز کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
مریم نواز شریف نے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے 6 اضلاع کی کیتھ لیبز میں امراضِ قلب کے 7 ہزار 294 مریضوں کے کامیاب پروسیجر کیے جا چکے ہیں۔
ان کے مطابق جہلم، جھنگ، وہاڑی، قصور، میانوالی اور بہاولنگر کی کیتھ لیبز میں 4 ہزار 448 مریضوں کی انجیو گرافی جبکہ 2 ہزار 763 افراد کی انجیو پلاسٹی کی گئی۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال قصور کی کیتھ لیب میں دو مریضوں کو کامیابی سے عارضی پیس میکر بھی لگائے گئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مزید 8 اضلاع میں نومبر جبکہ 7 اضلاع میں فروری تک کیتھ لیبز قائم کی جائیں گی، جبکہ پنجاب کے ہر ڈویژن میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کارڈیک سینٹرز بھی قائم کیے جائیں گے۔
انہوں نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سمیت تمام دل کے ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دل کے مریضوں کو مفت ادویات، مفت اسٹنٹ اور مفت بائی پاس کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
مریم نواز شریف کے مطابق کلینک آن ویلز اور فیلڈ ہسپتالوں میں بلڈ پریشر اور شوگر کی مفت اسکریننگ بھی جاری ہے۔
وزیراعلیٰ نے طلبہ کو جنک فوڈ اور سگریٹ نوشی سے دور رہنے کی تلقین کرتے ہوئے سکولوں میں بچوں کی ہارٹ ہیلتھ اور جسمانی سرگرمیوں سے متعلق آگاہی پروگرام شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے خواتین میں دل کے امراض سے متعلق آگاہی مہم شروع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہری کو دل کے امراض سے محفوظ اور صحت مند زندگی فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔



