تھرپارکر میں سڑکوں پر ریت کے ٹیلے، آمدورفت متاثر، ارباب انور جبار کا ہنگامی کارروائی کا مطالبہ

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ارباب گروپ کے رہنما اور سابق ضلع ناظم تھرپارکر ارباب انور جبار نے اپنے جاری کردہ پریس بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران چلنے والی تیز ہواؤں کے باعث ضلع کی متعدد شاہراہوں اور لنک روڈز پر ریت کے بڑے بڑے ٹیلے جمع ہو گئے ہیں، جس کے باعث مسافر گاڑیوں، ایمبولینسوں اور دیگر ٹرانسپورٹ کی آمدورفت شدید متاثر ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کی پرانی سڑکیں پہلے ہی خستہ حالی کا شکار ہیں، جبکہ کئی نئی تعمیر شدہ سڑکیں بھی مبینہ طور پر غیر معیاری میٹریل کے استعمال کے باعث مختصر عرصے میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں اور متعدد مقامات پر سڑکیں زمین بوس ہو گئی ہیں، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ارباب انور جبار کے مطابق تیز ہواؤں کے بعد سڑکوں پر جمع ہونے والی ریت نے صورتحال کو مزید خطرناک بنا دیا ہے۔ کئی مقامات پر گاڑیاں ریت میں پھنس جاتی ہیں، جس کے باعث مسافروں کو اتر کر گاڑیوں کو دھکا دینا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال سے مریضوں، خواتین، بچوں، مزدوروں اور روزانہ سفر کرنے والے افراد کو شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں، جبکہ کسی بھی وقت سنگین ٹریفک حادثات رونما ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے سندھ حکومت، محکمہ ورکس اینڈ سروسز اور ڈپٹی کمشنر تھرپارکر سے مطالبہ کیا کہ ضلع کی تمام اہم شاہراہوں اور لنک روڈز سے ریت ہٹانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مشینری تعینات کی جائے تاکہ آمدورفت بحال ہو سکے اور عوام کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ تھرپارکر میں سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کے منصوبوں کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اور غیر جانبدار تحقیقاتی کمیٹی قائم کی جائے، جو کام کے معیار، فنڈز کے استعمال اور ذمہ دار افراد کا تعین کرے۔ ارباب انور جبار نے وزیر ورکس اینڈ سروسز سندھ سے بھی مطالبہ کیا کہ سڑکوں کی تعمیر میں استعمال ہونے والے میٹریل، تکنیکی معیار، لیبارٹری ٹیسٹوں اور ٹھیکیداروں کی کارکردگی کا تفصیلی آڈٹ کرایا جائے اور ناقص کام کے ذمہ دار افسران اور ٹھیکیداروں کے خلاف سخت انتظامی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ سے بھی مطالبہ کیا کہ اگر سڑکوں کی تعمیر میں غیر معیاری میٹریل، سرکاری فنڈز کے مبینہ غلط استعمال یا دیگر مالی بے ضابطگیوں کے شواہد موجود ہوں تو شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف بلا امتیاز قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے، اس لیے ممکنہ حادثات سے قبل بروقت اور مؤثر اقدامات اٹھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس صورتحال سے متعلق جاری کردہ پریس بیان کے ساتھ ویڈیوز بھی جاری کی گئی ہیں، جن میں سڑکوں پر جمع ریت کے باعث گاڑیوں کے پھنسنے کے مناظر واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button