پنگریو جھڈو روڈ پر دو کاریں الٹ گئیں، خاتون سمیت 4 افراد زخمی

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے) پنگریو جھڈو روڈ پر دو مختلف مقامات پر کاریں الٹنے کے واقعات میں خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔
پہلا حادثہ کار گاڑیوان اسٹاپ کے قریب پیش آیا، جہاں گزشتہ رات مٹھی کے قریب سڑک حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے جانے والی مہران کار بے قابو ہوکر الٹ گئی۔
حادثے کے نتیجے میں بدین شہر کے رہائشی میاں بیوی لال بخش لغاری اور پٹھانی لغاری زخمی ہوگئے۔ دونوں زخمیوں کو فوری طور پر صحت مرکز پنگریو منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
دوسرا حادثہ درگاہ سمن سرکار کے قریب پیش آیا، جہاں پنگریو کے رہائشی موبائل دکان کے مالک عمر فاروق آرائیں اپنے دوست شکیل آرائیں کے ہمراہ کار میں پنگریو سے جھڈو جارہے تھے کہ گاڑی بے قابو ہوکر سڑک سے اتر گئی۔
حادثے میں کار سوار دونوں افراد زخمی ہوگئے، جنہیں علاج کے لیے صحت مرکز پنگریو منتقل کردیا گیا۔



