معاہدے کے تحت 300 ارب ڈالر کا پرائیویٹ فنڈ قائم کیا جائے گا، یہ فنڈ ایرانی منجمد اثاثوں سے الگ ہوگا، روئٹرز

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) خبر رساں ایجنسی رائٹرز نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت 300 ارب ڈالر کا ایک بڑا نجی سرمایہ کاری فنڈ قائم کیا جائے گا، جو حتمی معاہدے پر دستخط کے بعد فعال ہو جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق یہ خطیر رقم ایران میں مختلف ترقیاتی اور معاشی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی صورت میں استعمال کی جائے گی۔ رائٹرز نے بتایا کہ اس فنڈ کے لیے نصف سے زائد سرمایہ کاری کی یقین دہانیاں پہلے ہی حاصل کی جا چکی ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکہ، خلیجی ممالک، ایشیا اور افریقہ کی مختلف کمپنیاں اس فنڈ میں سرمایہ کاری کریں گی، جبکہ اس میں کسی بھی حکومت کا براہِ راست سرمایہ شامل نہیں ہوگا۔
رائٹرز کے مطابق یہ فنڈ ایران کے منجمد اثاثوں سے الگ ہوگا، تاہم معاہدے کے تحت ایران کے منجمد اثاثوں کی بحالی بھی متوقع ہے، جسے ایران کی معیشت کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔



