اوکاڑہ میں کسانوں کے لیے بڑا اقدام، 38 لیزر لینڈ لیولرز قرعہ اندازی کے ذریعے تقسیم

اوکاڑہ(رپورٹ وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے )زراعت کی ترقی اور پانی کی بچت کے لیے حکومت پنجاب کا تاریخی اقدام، محکمہ اصلاح آبپاشی کے زیر اہتمام امدادی قیمت پر 38 لیزر لینڈ لیولرز کی بذریعہ قرعہ اندازی تقسیم کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے ایم سی ہال میں منعقدہ تقریب میں کسانوں کے ہمراہ قرعہ اندازی کی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر اصلاح آبپاشی محمد یونس سمیت دیگر افسران اور کسانوں کاشتکاروں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے فی لیزر لینڈ لیولر پر 6 لاکھ روپے کی بڑی سبسڈی فراہم کر دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ ملکی ترقی شعبہ زراعت سے وابستہ ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر قیادت شعبہ زراعت کے لیے ٹھوس اقدامات جاری ہیں۔ لیزر لینڈ لیولرز کی فراہمی سے کسانوں کو جدید طریقہ کاشت میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل دیپال پور کے کسانوں میں 22، تحصیل اوکاڑہ کے 11 جبکہ رینالہ خورد میں 5 کسانوں کو فراہم کیے جا رہے ہیں۔ لیزر لینڈ لیولر پانی کی بچت کا موثر ذریعہ ہے۔ لیزر لینڈ لیولرز کی تقسیم کی قرعہ اندازی کو مکمل طور پر شفاف رکھا گیا ہے۔ کسانوں کی سہولت اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے مزید اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے۔



