بدین میں انسدادِ پولیو مہم کی تیاریاں مکمل، 3 لاکھ 93 ہزار بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

بدین(جانوڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی کی زیر صدارت دربار ہال میں ڈسٹرکٹ پولیو اریڈیکیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں 18 مئی سے شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بدین نے کہا کہ پولیو جیسی خطرناک بیماری کا خاتمہ صرف حکومتی کوششوں سے ممکن نہیں بلکہ اس کے لیے پورے معاشرے کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ بچوں کے محفوظ اور صحت مند مستقبل کے لیے ضروری ہے کہ والدین اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے پولیو مہم میں بھرپور حصہ لیں انہوں نے مزید کہا کہ پولیو وائرس سے بچاؤ کا سب سے مؤثر ذریعہ حفاظتی قطرے ہیں، جو بچوں کے جسم میں قوتِ مدافعت پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ہر مہم کے دوران باقاعدگی سے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں تاکہ انہیں اس موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے ڈپٹی کمشنر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنے بچوں کو گھر پر آنے والی ٹیموں یا قریبی مراکز پر لازمی پولیو کے قطرے پلوائیں۔ انہوں نے کہا کہ مہم کی شفاف اور مؤثر عملداری کے لیے نگرانی کا مضبوط نظام قائم کیا گیا ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اجلاس میں ڈاکٹر کریم بخش گاڈاہی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 18 مئی سے شروع ہونے والی مہم میں پیدائش سے لے کر پانچ سال تک کی عمر کے 3 لاکھ 93 ہزار 496 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے انہوں نے مزید بتایا کہ مہم میں 85 یو سی ایم اوز، 335 ایریا انچارجز، 1440 موبائل ٹیمیں، 66 فکسڈ سائٹس، 50 ٹرانزٹ پوائنٹ ٹیمیں اور 84 ای پی آئی سینٹرز شامل ہوں گے اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ظہور احمد عباسی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری انور پارابی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری الطاف حسین میمن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو راجیش دلپت، ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، پولیو فوکل پرسن ڈاکٹر عباس علی ملاح، اے ڈی ایچ او ڈاکٹر وسیم خواجہ، انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر چائلڈ پروٹیکشن دین محمد ڈیرو، ڈسٹرکٹ مینیجر پی پی ایچ آئی بدین اے طاہر لاشاری، ڈسٹرکٹ مینیجر پی پی ایچ آئی بدین بی رضیہ اجن، ڈاکٹر ثناء اللہ، ڈی آئی بی انچارج انسپکٹر محمد خان سومرو، چیف میونسپل آفیسر شیراز احمد، ڈسٹرکٹ مینیجر ہینڈز حیدر علی پنہور سمیت دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button