سانحہ پمز انکوائری کیس،وفاق جواب جمع نہ کرا سکا،عدالت نے2ہفتوں کی مہلت دیدی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) سانحہ پمز کی انکوائری اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو عہدے سے ہٹانے کے معاملے میں وفاق اور دیگر فریقین کی جانب سے جواب جمع نہ کرایا جاسکا، جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاق کو مزید دو ہفتوں کی مہلت دے دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے ناصر عظیم، ناصر اے مجاہد اور ڈاکٹر محمد اقبال کی درخواستوں پر سماعت کی۔ وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ فریقین کے جوابات تاحال کیوں جمع نہیں کرائے گئے۔ اس پر اٹارنی جنرل کی جانب سے بتایا گیا کہ انکوائری تقریباً مکمل ہوچکی ہے اور وزیراعظم کی جانب سے احکامات جاری کیے جانے باقی ہیں۔
اٹارنی جنرل نے عدالت سے انکوائری رپورٹ اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق رپورٹ جمع کرانے کے لیے تین ہفتوں کی مہلت طلب کی، تاہم عدالت نے دو ہفتوں کی مہلت منظور کرلی۔
عدالت نے فریقین کو آئندہ سماعت تک پیراوائز کمنٹس جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت دو ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کی ویب سائٹ پر کیسز اور سماعتوں کی تفصیلات دستیاب ہیں۔



