اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات، منگل کا دن مقرر، 6 وکلا کے نام سامنے آگئے

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے) اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے وکلا اور اہل خانہ کی ملاقات کے لیے منگل کا دن مقرر کردیا گیا ہے، جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے 6 وکلا کے ناموں پر مشتمل فہرست جیل انتظامیہ کے حوالے کردی گئی ہے۔
وکیل اویس یونس چودھری کی جانب سے جمع کرائی گئی فہرست میں بیرسٹر گوہر علی خان، نیاز اللہ نیازی، خالد یوسف چودھری، اویس یونس چودھری، فیصل ملک اور شمسہ کیانی ایڈووکیٹس کے نام شامل ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کے تحت عمران خان سے اہل خانہ اور وکلا کی ملاقاتوں کے لیے منگل کا دن مقرر ہے، تاہم حالیہ ہفتوں میں متعدد مواقع پر وکلا اور اہل خانہ کو ملاقات کی اجازت نہ ملنے کی رپورٹس سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق نظر بندی کے باعث بانی پی ٹی آئی کی بہنیں ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل نہیں آئیں گی، تاہم خاندان کے دیگر افراد کی آمد متوقع ہے۔ گزشتہ ہفتے بھی عمران خان کے کزن قاسم زمان اور وکلا کا وفد ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچا تھا، تاہم ملاقات نہیں ہوسکی تھی۔دوسری جانب بشریٰ بی بی کے خاندان کے افراد بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے جیل پہنچنے کی توقع ہے۔



