لانگ مارچ مؤخر کرنے پر تحریک تحفظ آئین پاکستان اور پی ٹی آئی میں اختلافات،راجہ ناصر عباس کے تحفظات سامنے آگئے

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)27 ستمبر کو ہونے والے لانگ مارچ کو مؤخر کرنے کے معاملے پر تحریک تحفظ آئین پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان اختلافات سامنے آگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما راجا ناصر عباس نے پی ٹی آئی قیادت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو لانگ مارچ مؤخر نہیں کرنا چاہیے تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کو مؤخر کرنے کے فیصلے سے قبل تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت کو مناسب طور پر اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق لانگ مارچ کی حکمت عملی پر بھی مکمل مشاورت نہیں کی گئی۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ذرائع کے مطابق اتنے بڑے احتجاج کے لیے نہ کوئی مؤثر کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی گئی اور نہ انتظامی و مالی امور کے لیے کمیٹیاں بنائی گئیں، جبکہ احتجاج کی تیاریوں کو بھی خاطرخواہ قرار نہیں دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے پی ٹی آئی کو لانگ مارچ کے لیے ایک جامع ایجنڈا دیا گیا تھا، تاہم پی ٹی آئی نے احتجاج کے ایجنڈے کو بنیادی طور پر بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک محدود رکھا۔

دوسری جانب دستیاب رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کا لانگ مارچ مؤخر کرکے 4 اکتوبر کو پشاور سے اسلام آباد کی جانب مارچ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا گیا، جبکہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں نے فیصلے سے اختلاف کے باوجود پارٹی کے نئے شیڈول کے احترام کا مؤقف اختیار کیا۔

ذرائع کے مطابق راجا ناصر عباس کا مؤقف ہے کہ آئندہ اہم فیصلوں میں پی ٹی آئی قیادت کو تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت کو بروقت اعتماد میں لینا چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button