مریم اورنگزیب نےبہاولپور میں فتح کو حکومتی کارکردگی سے جوڑ دیا

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بہاولپور میں ضمنی انتخاب میں پارٹی امیدوار کی کامیابی پر عوام اور پارٹی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بہاولپور کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے جس نے مسلم لیگ (ن) کو فتح عطا کی، بہاولپور کے عوام کا مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہاولپور نے قائد محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کو ووٹ دیا ہے۔مریم اورنگزیب کے مطابق بہاولپور کے عوام نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے گرین بس، ستھرا پنجاب، گرین پنجاب اور ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ جیسے منصوبوں کی حمایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بہاولپور کے عوام نے پنجاب میں 50 ہزار کلومیٹر سڑکوں کا جال بچھانے، صحت کے نظام میں بہتری، کلینکس آن ویل، مفت ادویات اور علاج کی سہولیات کو سراہتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام نے مریم نواز فیلڈ ہسپتال، مریم نواز ہیلتھ کلینکس، بچوں کی تعلیم اور سکولوں میں مفت کھانے کی فراہمی جیسے اقدامات کو بھی ووٹ دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بہاولپور کے عوام نے پنجاب میں امن کے قیام اور صوبے کی ترقی کے پروگرام پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بہاولپور کے عوام جانتے ہیں کہ وعدوں کی تکمیل کی ضمانت صرف مسلم لیگ (ن) ہے، جبکہ عوام نے خدمت، ترقیاتی منصوبوں اور کارکردگی کی سیاست پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہاولپور کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کے حق میں ہے اور وہ اس کامیابی پر بہاولپور کے عوام اور پارٹی قیادت کو مبارکباد پیش کرتی ہیں۔



