امریکی قونصلیٹ کی اسٹریٹجک کمیونیکیشنز ٹیم کا بدین پریس کلب کا دورہ

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/ پی کے)امریکی قونصلیٹ جنرل کراچی کی اسٹریٹجک کمیونیکیشنز ٹیم (پریس، میڈیا اور ڈیجیٹل) نے ٹیم لیڈر سیف جسکانی کی قیادت میں بدین پریس کلب کا دورہ کیا، جہاں ٹیم نے بدین پریس کلب کی سینئر قیادت اور ضلع کے سینئر صحافیوں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے کے مجموعی میڈیا منظرنامے، صحافیوں کو درپیش مسائل، مقامی آبادی کے بنیادی مسائل، معاشی و سماجی صورتحال، ماحولیاتی چیلنجز اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر کھلے اور بے تکلف انداز میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات کے دوران امریکی قونصلیٹ کی ٹیم نے بدین سمیت ساحلی اور پسماندہ علاقوں کے میڈیا ماحول، مقامی صحافیوں کے کردار اور عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے بارے میں صحافیوں کے نقطۂ نظر سے آگاہی حاصل کی۔ اس موقع پر اس امر پر بھی گفتگو ہوئی کہ مقامی سطح پر درپیش مسائل کو موثر انداز میں اجاگر کرنے، صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے، جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل میڈیا کے موثر استعمال اور صحافیوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے تربیتی مواقع اور باہمی تعاون کے راستے تلاش کیے جا سکتے ہیں آ مریکی قونصلیٹ جنرل کراچی کی اسٹریٹجک کمیونیکیشنز ٹیم کے ٹیم لیڈر سیف جسکانی، عامر راز سومرو، نجیب اللہ انٹر اور نریندر کمار نے کہا کہ بدین پریس کلب کے صحافیوں کے تجربے، پیشہ ورانہ خدمات اور مقامی مسائل پر ان کی گہری بصیرت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل اور مختلف مشکلات کے باوجود بدین کے صحافی علاقے کے عوام کو درپیش مسائل، معاشی مشکلات، ماحولیاتی آلودگی، منشیات اور دیگر سماجی مسائل کی نشاندہی اور رپورٹنگ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جو ان کی پیشہ ورانہ وابستگی اور ذمہ داری کی عکاسی کرتا ہے۔

امریکی قونصلیٹ کی ٹیم نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان عوامی سطح پر روابط، باہمی افہام و تفہیم اور مختلف شعبوں میں تعاون کی اہمیت پر بھی گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی فلاح و بہبود، معاشی مواقع میں اضافے، تعلیم و تربیت، صحت، زرعی اور ماہی گیری کے شعبوں میں استعداد کار بڑھانے، منشیات کے تدارک، امن و استحکام اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے مواقع اہمیت رکھتے ہیں۔ صحافیوں کی پیشہ ورانہ تربیت، ڈیجیٹل جرنلزم، جدید میڈیا ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سمیت نئے ذرائع ابلاغ کے موثر اور ذمہ دارانہ استعمال سے متعلق تربیت کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر بدین پریس کلب کے صدر شوکت میمن، جنرل سیکریٹری عبدالشکور میمن، حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کے سینئر نائب صدر تنویر احمد ارائیں بدین یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے صدر سینئر صحافی غلام مرتضیٰ میمن، عمران عباس خواجہ، خالد عزیز عباسی، عطاء چانڈیو، حسین سومرو، عطا سندیار اور دیگر صحافیوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے بدین اور زیریں سندھ کی مجموعی معاشی، سماجی، ماحولیاتی، امن و امان اور صحافتی صورتحال سے آگاہ کیا صحافیوں نے کہا کہ نہری پانی کی طویل اور بدترین قلت کے ساتھ ساتھ انڈس ڈیلٹا میں پانی کی کمی نے خطے کی زرعی معیشت کو شدید متاثر کیا ہے، جبکہ ماحولیاتی اور آبی آلودگی کے باعث انسانی صحت کے علاوہ مال مویشی، چرند پرند اور آبی حیات بھی خطرات سے دوچار ہیں۔ پانی کی قلت، زرعی پیداوار میں کمی، بے روزگاری اور مہنگائی کے باعث عام شہریوں کی معاشی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے

ملاقات میں صحافیوں نے منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ منشیات بالخصوص نوجوان نسل کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ شرکاء نے اس مسئلے کے تدارک کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موثر کارروائی، آگاہی مہمات نو جوانوں کے لیے مثبت سرگرمیوں اور روزگار و تعلیم کے بہتر مواقع کی ضرورت پر زور دیا صحافیوں نے بدین میں صحت کی سہولیات کی صورتحال، کینسر سمیت مختلف بیماریوں کے بڑھتے ہوئے مسائل، جدید طبی سہولیات کی کمی، اعلیٰ تعلیم کے محدود مواقع، یونیورسٹی کی عدم موجودگی، تعلیمی اداروں کی خستہ حالی، سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ، نکاسی آب اور دیگر بنیادی سہولیات کی کمی کی نشاندہی بھی کی۔

ملاقات میں بدین سمیت پورے خطے میں ترقیاتی منصوبوں، سرکاری اداروں کی کارکردگی، دستیاب وسائل کے موثر استعمال، شفافیت اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ادارہ جاتی اقدامات کی ضرورت پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ صحافیوں کا کہنا تھا کہ پسماندہ علاقوں میں پائیدار ترقی کے لیے مقامی آبادی کو فیصلہ سازی میں شامل کرنا، نوجوانوں کے لیے تعلیم اور ہنر کے مواقع پیدا کرنا، زرعی اور ماہی گیری کے شعبوں کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنا اور ماحول کے تحفظ کے لیے مشترکہ اقدامات ضروری ہیں اس موقع پر بدین پریس کلب کی قیادت اور صحافیوں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان عوامی سطح پر رابطوں معلومات کے تبادلے، صحافتی تربیت اور پیشہ ورانہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید دور میں صحافت تیزی سے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی مصنوعی ذہانت، ڈیٹا جرنلزم اور نئے میڈیا پلیٹ فارمز سے منسلک ہو رہی ہے، اس لیے مقامی صحافیوں کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، فیکٹ چیکنگ، ڈیجیٹل سکیورٹی، تحقیقاتی صحافت اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے حوالے سے تربیت کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان عوامی فلاح، تعلیم، صحت، معاشی ترقی، زرعی و ماہی گیری کے شعبوں، ماحولیاتی تحفظ، نوجوانوں کی ترقی اور صحافتی تربیت سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی، جس کے نتیجے میں بالخصوص پسماندہ اور دور دراز علاقوں کے عوام کو ترقی کے بہتر مواقع میسر آسکیں گے ماقات کے اختتام پر بدین پریس کلب کی جانب سے امریکی قونصلیٹ جنرل کراچی ,کی اسٹریٹجک کمیونیکیشنز ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا کہ صحافیوں، سفارتی اداروں اور مختلف شعبوں سے وابستہ ماہرین کے درمیان براہ راست رابطے مقامی مسائل کو سمجھنے، معلومات کے تبادلے اور عوامی مفاد میں ممکنہ تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button