فیلڈ مارشل عاصم منیر سے امریکی افغانستان وار کمیشن کی ملاقات،افغانستان تنازع میں پاکستان کے کرداراورقربانیوں کااعتراف

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے)امریکی افغانستان وار کمیشن کے وفد نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور افغانستان میں ہونے والی تازہ پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد کی قیادت کمیشن کی شریک چیئر شمائلہ این چوہدری اور ڈاکٹر کولن ایف جیکسن نے کی۔ امریکی افغانستان وار کمیشن امریکا کی افغانستان میں دو دہائیوں پر محیط شمولیت کا جائزہ لے رہا ہے۔ملاقات کے دوران افغانستان میں طویل تنازع کے دوران پاکستان کے کردار اور تعاون، علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور افغانستان کی موجودہ صورتحال سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افغانستان میں طویل تنازع کے دوران پاکستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز اور خطے پر پڑنے والے اثرات سے وفد کو آگاہ کیا۔انہوں نے افغانستان کے تنازع کے اسٹریٹجک، سفارتی اور آپریشنل جائزے میں علاقائی نقطۂ نظر اور بالخصوص پاکستان کے تجربات کو شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔امریکی وفد نے افغانستان کے تنازع کے دوران پاکستان کے دیرینہ کردار اور قربانیوں کو تسلیم کیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔

مزید خبریں

Back to top button