’مس پریٹی انڈیا 2024‘ کی فاتح نِدھی تیواری 30 برس کی عمر میں چل بسیں

بھوپال (جانو ڈاٹ پی کے) بھارتی سوشل میڈیا انفلوئنسر اور ’’مس پریٹی انڈیا 2024‘‘ کی فاتح نِدھی تیواری 30 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مدھیہ پردیش کے ضلع سنگرولی سے تعلق رکھنے والی نِدھی تیواری ہفتے کے روز بھوسا موڑ کے علاقے میں واقع اپنے گھر میں مردہ پائی گئیں۔ اہل خانہ انہیں فوری طور پر اسپتال لے گئے، تاہم ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔پولیس نے واقعے کے حالات اور وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں، تاہم فوری طور پر موت کی حتمی وجہ سامنے نہیں آسکی۔رپورٹس کے مطابق نِدھی تیواری سوشل میڈیا پر خاصی مقبول تھیں اور فیس بک پر تقریباً 9 لاکھ جبکہ انسٹاگرام پر تقریباً 7 لاکھ افراد انہیں فالو کرتے تھے۔ ان کی متعدد پوسٹس اور ویڈیوز کو لاکھوں مرتبہ دیکھا جاچکا تھا۔نِدھی نے 2024 میں ’’مس پریٹی انڈیا‘‘ کا ٹائٹل جیتنے کے بعد ماڈلنگ، تقریبات اور ڈیجیٹل مواد کے ذریعے تفریحی صنعت میں اپنی شناخت بنائی۔ وہ اداکاری اور فلمی دنیا میں بھی کیریئر بنانے کی خواہش رکھتی تھیں۔ان کی اچانک موت کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button