سشانت سنگھ راجپوت کی موت پر 6 سال بعد نیا دعویٰ، بہن شویتا نے کیا انکشاف؟

ممبئی (جانو ڈاٹ پی کے) بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی بہن شویتا سنگھ کیرتی نے اپنے بھائی کی موت سے متعلق ایک بار پھر نئے دعوے سامنے رکھ دیے ہیں۔ایک تازہ ویڈیو میں شویتا نے دعویٰ کیا کہ انہیں اس شخص کی جانب سے بعض معلومات ملی ہیں جس نے سشانت کا پوسٹ مارٹم کیا تھا۔ ان کے مطابق مذکورہ شخص نے بتایا کہ سشانت پر اسٹن گن استعمال کی گئی، ان کی ٹانگ ٹوٹی ہوئی تھی اور ان پر بہت زیادہ طاقت استعمال کی گئی تھی، جبکہ آنکھوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ شویتا نے تاہم پوسٹ مارٹم کرنے والے شخص کا نام ظاہر نہیں کیا اور نہ ہی یہ بتایا کہ یہ معلومات انہیں کب اور کن حالات میں موصول ہوئیں۔ تازہ دعوؤں کی آزادانہ یا سرکاری طور پر تصدیق بھی سامنے نہیں آئی۔ویڈیو میں شویتا اپنے بھائی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے جذباتی بھی نظر آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے دل کو نفرت، انتقام اور رنجش سے بھرنا نہیں چاہتیں اور ان کی زندگی کا مقصد محبت، ایمان، نیکی اور خدا کے لیے کھڑے رہنا ہے۔
سشانت سنگھ راجپوت 14 جون 2020 کو ممبئی میں مردہ پائے گئے تھے۔ ان کی موت کی تحقیقات کے بعد سی بی آئی نے مارچ 2025 میں عدالت میں کلوزر رپورٹ جمع کرائی تھی، جس میں موت کو خودکشی قرار دیتے ہوئے کسی شخص کے خلاف خودکشی پر اکسانے کے شواہد نہ ملنے کا مؤقف اختیار کیا گیا تھا۔ شویتا اس کے باوجود متعدد مواقع پر اپنے بھائی کی موت سے متعلق سوالات اٹھاتی رہی ہیں اور تازہ ویڈیو میں بھی انہوں نے اپنے مؤقف کا اظہار کیا ہے۔



