سلمان خان بھی ڈیپ فیک ویڈیوز کا شکار، جعلی مواد بنانے والوں کو جیل بھیجنے کا مطالبہ

ممبئی (جانو ڈاٹ پی کے) بالی ووڈ سپراسٹار سلمان خان نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے تیار کی جانے والی جعلی ویڈیوز اور آوازوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کی میزبانی کے دوران سوشل میڈیا ٹرولنگ اور آن لائن دنیا میں بڑھتے رجحانات پر گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے بتایا کہ وہ خود بھی اے آئی سے تیار کردہ جعلی ویڈیوز کا نشانہ بن چکے ہیں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی اس حد تک ترقی کرچکی ہے کہ کسی شخص کی آواز کلون کرکے یا ویڈیو میں تبدیلی کرکے ایسا مواد تیار کیا جاسکتا ہے جس میں اصل اور جعلی مواد میں فرق کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ ان کے مطابق کسی شخص کی بات تبدیل کرکے اسے ویڈیو میں ایسی گفتگو کرتے ہوئے بھی دکھایا جاسکتا ہے جو اس نے حقیقت میں نہیں کی۔

سلمان خان نے کہا کہ ان کی اپنی ایسی ویڈیوز بھی بنائی جاچکی ہیں جن میں اے آئی اور وائس ڈبنگ کے ذریعے اصل مواد تبدیل کیا گیا۔ ان کے بقول یہ صورتحال اس لیے تشویشناک ہے کہ کوئی شخص ویڈیو دیکھ کر اسے حقیقت سمجھ سکتا ہے۔

اداکار نے کہا کہ اگر کوئی شخص لاعلمی میں جعلی ویڈیو کو سچ سمجھ کر آگے بڑھاتا ہے تو معاملہ مختلف ہے، لیکن جو لوگ حقیقت سے واقف ہونے کے باوجود جان بوجھ کر ایسا مواد تیار کرتے ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔

سلمان خان نے ایسے افراد کو جیل بھیجنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تک کچھ لوگوں کے خلاف سخت کارروائی نہیں ہوگی، یہ سلسلہ رکنا مشکل ہے۔ انہوں نے ڈیپ فیک مواد کی روک تھام کے لیے سخت قانون سازی اور سوشل میڈیا پر مؤثر نگرانی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

مزید خبریں

Back to top button