علیمہ خان کو جیل میں کیا کیا سہولیات ملیں؟سرکاری رپورٹ ہائیکورٹ میں پیش

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کو جیل میں فراہم کی جانے والی اشیاء سے متعلق رپورٹ پیش کردی گئی۔سماعت کے دوران اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب فرخ خان لودھی نے پنجاب حکومت کی جانب سے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی، جس میں بتایا گیا کہ علیمہ خان کو جیل میں روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیاء فراہم کردی گئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق علیمہ خان کو بیڈ شیٹ، کمبل، جوتے، 6 سوٹ، کالے رنگ کا بیگ، تولیہ، فیس واش، برش، اسکن کیئر کٹ اور شال فراہم کی گئی ہے۔عدالت نے علیمہ خان سے ملاقات کی اجازت سے متعلق درخواست پر پنجاب کے ہوم سیکرٹری کو قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔رپورٹ کے مطابق علیمہ خان کے بیٹے شہریز خان کی جانب سے جیل میں طبی سہولیات اور ملاقات کی اجازت سے متعلق درخواست دائر کی گئی تھی۔لاہور ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت جسٹس عبہر گل خان نے کی۔



