آئرلینڈ کرکٹ کا بڑا فیصلہ، سابق اسٹار ایڈ جوائس کو اہم ذمہ داری مل گئی

ڈبلن (جانو ڈاٹ پی کے) آئرلینڈ کرکٹ نے سابق بین الاقوامی کرکٹر ایڈ جوائس کو قومی مردوں کی ٹیم کا ہائی پرفارمنس بیٹنگ کوچ مقرر کردیا، وہ فوری طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔کرکٹ آئرلینڈ کے مطابق ایڈ جوائس سینئر مردوں کی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے علاوہ مردوں کے ٹیلنٹ پاتھ وے پروگرام میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔آئرلینڈ اور انگلینڈ دونوں کی نمائندگی کرنے والے ایڈ جوائس نے 2018 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔ اس کے بعد 2019 میں انہیں آئرلینڈ ویمنز ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا، جہاں انہوں نے تقریباً چھ سال ذمہ داریاں نبھائیں۔جوائس نے خواتین ٹیم کی کوچنگ سے علیحدگی کے بعد گلوسٹر شائر میں بیٹنگ کوچ کے طور پر کام کیا، جبکہ ڈبلن گارڈینز کے ساتھ بھی کوچنگ سے وابستہ رہے اور بطور براڈکاسٹر خدمات انجام دیتے رہے۔اپنی نئی ذمہ داری پر ایڈ جوائس نے کہا کہ کھیل سے ریٹائرمنٹ کے بعد آئرش کرکٹ سے جڑے رہنا ان کی ترجیح رہی ہے۔ ان کے مطابق آئرلینڈ کی مردوں کی ٹیم میں ٹیلنٹ موجود ہے اور اب مقصد بیٹنگ میں مستقل مزاجی لانا ہے۔ جوائس ہیڈ کوچ گیری ولسن اور ہائی پرفارمنس ڈائریکٹر گریم ویسٹ کے ساتھ کام کریں گے۔ آئرلینڈ کی ٹیم کا اگلا بڑا ہدف 2027 ون ڈے ورلڈ کپ کوالیفائر ہے۔

مزید خبریں

Back to top button