اسرائیلی انتہاپسند وزیرکی محافظوں کے پیچھے چھپ کر ہتھکڑیوں میں جکڑے فلسطینی قیدی کو سزائے موت دلوانے کی دھمکیاں

تل ابیب(جانوڈاٹ پی کے)اسرائیل کے انتہا پسند وزیر برائے قومی سلامتی اتمر بن گویر نے اتوار کے روز ایک متنازع ویڈیو جاری کی ہے جس میں وہ 1996 سے اسرائیلی قید میں موجود فلسطینی قیدی حسن سلامۃ کی کوٹھری کے اندر کھڑے انہیں دھمکیاں دے رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فوٹیج میں بن گویر کو قیدی حسن سلامہ سے یہ کہتے ہوئے واضح سنا جا سکتا ہے کہ ’میں تمہیں مارنا چاہتا ہوں۔ میں تمہیں سزائے موت دینا چاہتا ہوں‘۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے حسن سلامۃ کے ہتھکڑیوں میں جکڑے ہونے اور اسرائیلی اہلکاروں کے نرغے میں ہونے کے باوجود بن گویر اپنے محافظوں کی اوٹ میں رہتے ہوئے حسن سلامۃ کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے حسن سلامۃ 1990 کی دہائی میں ہونے والے حملوں کے الزام میں اسرائیلی عدالت کی جانب سے سنائی گئی عمر قید کی متعدد سزائیں کاٹ رہے ہیں۔
اس ویڈیو کے ساتھ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں بن گویر نے کہا کہ اگر وہ اگلی اسرائیلی حکومت میں وزیر دفاع بنے تو حسن سلامہ جیسے دیگر قیدیوں کو سزائے موت دلوانے کے لیے اقدامات کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے سے فلسطینیوں کی نام نہاد ’رضاکارانہ ہجرت‘ کو آگے بڑھانے کا بھی عزم ظاہر کیا، یہ وہ اصطلاح ہے جسے بن گویر فلسطینیوں کو ان کی آبائی زمینوں سے بے دخل کرنے کے منصوبوں کے لیے کثرت سے استعمال کرتے ہیں۔
بن گویر اس سے قبل بھی اعلان کر چکے ہیں کہ ان کی انتہا پسند جماعت مستقبل کی کسی بھی حکومت کا حصہ بننے کے لیے دفاع اور انصاف کی وزارتوں کا مطالبہ بطور شرط رکھے گی۔ یاد رہے کہ اسرائیل کی پارلیمنٹ (کنیسٹ) کے انتخابات رواں سال 27 اکتوبر کو شیڈول ہیں۔
🔴 “I want to kill you. I want to execute you.”
Israeli Minister Itamar Ben-Gvir posted a video of himself confronting handcuffed Hamas prisoner Hassan Salameh in his cell and threatening him with execution. https://t.co/npGAhy5XeF
— The Palestine Chronicle (@PalestineChron) September 28, 2026



