سہیل آفریدی کے مستقبل کا فیصلہ کون کرے گا؟ جنید اکبر نے سب واضح کردیا

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) رہنما تحریک انصاف جنید اکبر نے کہا ہے کہ جب تک بانی پی ٹی آئی عمران خان کوئی ہدایت نہیں دیتے، سہیل آفریدی خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ رہیں گے۔جنید اکبر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام اور ان کی جماعت نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، صوبے کے عوام مخالفین کا بیانیہ پہلے بھی مسترد کر چکے ہیں اور آئندہ بھی مسترد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مخالفین جتنی مرضی پریس کانفرنسز کرلیں، عوام انہیں دیکھنا نہیں چاہتے۔ ان کے بقول تحریک انصاف کی تیاری مکمل تھی، اسی لیے حکومت نے بڑی تعداد میں کنٹینرز اور پولیس فورس تعینات کی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت پریشان تھی۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کے لیے ’’تیاری‘‘ کا لفظ کوئی خاص معنی نہیں رکھتا، کارکن 24 گھنٹے میں باہر نکل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیک چینل مذاکرات سے وہ لاعلم ہیں، تاہم سیاسی لوگوں کے درمیان رابطے ہمیشہ رہتے ہیں۔جنید اکبر نے کہا کہ تحریک انصاف نے ہر فورم استعمال کیا ہے، ملک اور ادارے سب کے ہیں، اس لیے مذاکرات کے ذریعے راستہ نکالا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق ان کی پہلی ترجیح ملک ہے اور سیاست بعد میں ہے۔
علی امین گنڈاپور سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں رہے، اس لیے مناسب نہیں کہ وہ علی امین گنڈاپور کے بیان پر تبصرہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’ایکس، وائی، زیڈ‘‘ کی کوئی اہمیت یا حیثیت نہیں، ہر شخص کی اپنی خواہشات ہوسکتی ہیں، تاہم فیصلہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ہوتا ہے اور ان کا فیصلہ سب کے لیے قابل قبول ہوتا ہے۔جنید اکبر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے مستقبل سے متعلق قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ خود سہیل آفریدی بھی حالیہ دنوں میں کہہ چکے ہیں کہ ان کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ عمران خان ہی کریں گے۔



