خیبرپختونخوا میں بہت جلد وائٹ پیپر لائیں گے، امیر مقام

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے معاملات پر بہت جلد وائٹ پیپر جاری کریں گے، جس میں تمام حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ کئی برس سے تحریک انصاف کی حکومت رہی ہے، تاہم صوبے کو درپیش مسائل بدستور موجود ہیں۔ ان کے مطابق صوبہ طویل عرصے سے دہشتگردی کا سامنا کر رہا ہے، اس لیے مسائل کے حل کے لیے آل پارٹیز کانفرنس بلائی جانی چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں وزرائے اعلیٰ تبدیل ہوتے رہے لیکن ان کے بقول خاطر خواہ ترقیاتی کام نہیں ہوئے۔ انہوں نے صحت کارڈ سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ وفاق سے اربوں روپے حاصل ہونے کے بعد صوبائی حکومت سے عوامی فلاح و بہبود اور دہشتگردی سے نمٹنے کی حکمت عملی کے بارے میں سوال ہونا چاہیے۔

امیر مقام نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیاں سب کے سامنے ہیں، جبکہ اے پی ایس کا سانحہ بھی پوری قوم کو یاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے حالات کا اثر پورے ملک پر پڑتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت بات چیت کے لیے تیار ہے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا معاملہ عدالتوں میں ہے اور اس کا فیصلہ بھی عدالتیں ہی کریں گی۔

امیر مقام نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے حامیوں سے کہا کہ مبینہ غیرقانونی اقدامات کا بھی حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر صوبے کے مسائل پر تمام سیاسی جماعتوں کو ایک آل پارٹیز کانفرنس میں اکٹھا ہونے کی تجویز دی۔

انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کا لانگ مارچ 4 اکتوبر کو ہوا تو راستے دوبارہ بند کیے جائیں گے۔ پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو ہونے والا لانگ مارچ مؤخر کرکے 4 اکتوبر کو پشاور سے اسلام آباد روانگی کا اعلان کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button