یمن: تعز میں فضائی حملے، حوثیوں کے 30 جنگجو اور 8 شہری ہلاک ہونے کا دعویٰ

صنعا(ویب ڈیسک) یمن کے تعز علاقے میں متعدد فضائی حملوں کے نتیجے میں حوثی گروپ کے تقریباً 30 جنگجو اور 8 شہری ہلاک ہونے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔

حوثیوں سے وابستہ ذرائع کے مطابق تعز کے مضافاتی علاقے میں ہونے والے حملوں میں ایک بازار اور متعدد دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ حوثی وزارتِ صحت نے دعویٰ کیا کہ متاثرہ افراد میں بچے بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت نے حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی فورسز نے تعز کے علاقے میں حوثیوں کے ایک فوجی کیمپ اور متعدد فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔

حوثیوں کے ترجمان یحییٰ سریع نے الزام عائد کیا کہ سعودی عرب نے تعز کے مضافات میں ایک بازار پر دو فضائی حملے کیے، جن کے نتیجے میں ہلاکتیں اور زخمی ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان حملوں کا جواب دیا جائے گا۔

اس سے قبل حوثیوں کے زیرِ انتظام ٹی وی چینل المسیرہ نے ایک فضائی حملے میں 7 افراد کے ہلاک اور 40 کے زخمی ہونے کی اطلاع دی تھی۔ بعدازاں حوثی وزارتِ صحت کے حوالے سے بتایا گیا کہ زخمیوں میں 5 بچے بھی شامل ہیں۔

ادھر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کی مسلح افواج کے ترجمان کرنل ماجد عبداللہ النزیلی نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران 756 مؤثر کارروائیاں کی گئیں، جن میں حوثی گروپ کے 2 ہزار 316 جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا۔ ان کے مطابق متاثرہ افراد میں 4 ایرانی شہری بھی شامل تھے۔

مختلف فریقوں کی جانب سے سامنے آنے والے دعووں کی آزادانہ طور پر تصدیق فوری طور پر ممکن نہیں ہوسکی۔

مزید خبریں

Back to top button