بیک ڈور رابطوں کے باعث لانگ مارچ ملتوی ہونے کی خبروں میں صداقت نہیں، سلمان اکرم راجہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے بیک ڈور رابطوں کے باعث لانگ مارچ ملتوی کیے جانے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے تاحال مذاکرات کا کوئی واضح سگنل نہیں ملا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ لانگ مارچ مؤخر کرنے کے بعد حکومت کو مزید وقت دیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کی تازہ لہر اس بات کی متقاضی ہے کہ تمام فریق مل بیٹھ کر بات کریں۔ اگر مذاکرات کے نتیجے میں کوئی فیصلہ طے پاتا ہے تو پی ٹی آئی اس کی پاسداری کرے گی۔

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ پارٹی کا مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو شفا اسپتال منتقل کیا جائے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ محض اندیشے کی بنیاد پر کسی شخص کے بنیادی حقوق سلب کرنا کہاں کا انصاف ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے علیمہ خان کی نظر بندی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں زیر حراست ہوئے 9 روز گزر چکے ہیں۔ ان کے مطابق عدالتوں سے اپیل ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں، جبکہ بانی پی ٹی آئی کے خاندان نے اس معاملے میں ایک مثال قائم کی ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے محمود خان اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کو حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے اختیار دے رکھا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button